امریکا: ایک سال میں سنیما جا کر 1207 فلمیں دیکھنے کا عالمی ریکارڈ
گلن ووڈ ہوسکن جونیئر نےاپریل 2024 میں اس منفرد ریکارڈ کی کوشش شروع کی اور اپریل 2025 ہدف حاصل کر لیا
امریکی ریاست پنسلوینیا سے تعلق رکھنے والے 60 سالہ گلن ووڈ ہوسکن جونیئر نے ایک سال کے دوران سینما گھروں میں 1207 فلمیں دیکھ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ہوسکن نے اپریل 2024 میں اس منفرد ریکارڈ کی کوشش شروع کی اور اپریل 2025 میں ایک سال مکمل ہونے سے قبل ہی 1207 فلمیں دیکھنے کا ہدف حاصل کر لیا۔ اس طرح انہوں نے روزانہ اوسطاً 3.3 فلمیں دیکھیں۔
ہوسکن کے مطابق انہیں انٹرنیٹ پر تلاش کے دوران معلوم ہوا کہ ایک ہی فلم کو سب سے زیادہ مرتبہ سینما میں دیکھنے اور ایک سال میں سب سے زیادہ فلمیں دیکھنے کے عالمی ریکارڈ موجود ہیں۔ ایک ہی فلم کو 292 مرتبہ دیکھنے کا ریکارڈ قائم کرنا انہیں مشکل محسوس ہوا کیونکہ موجودہ دور میں فلمیں زیادہ عرصے تک سینما گھروں میں نمائش کے لیے موجود نہیں رہتیں۔ چنانچہ انہوں نے ایک سال میں سب سے زیادہ فلمیں دیکھنے کا ریکارڈ توڑنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ روزانہ صبح اٹھ کر سینما گھروں میں فلموں کے اوقات اور فہرستیں دیکھتے اور اس طرح اپنے دن کی منصوبہ بندی کرتے کہ صبح سے رات 12 بجے تک زیادہ سے زیادہ فلمیں دیکھ سکیں۔
ہوسکن کا کہنا تھا کہ گھر سے باہر رہنا، نئے چیلنجز قبول کرنا اور مقرر کردہ اہداف حاصل کرنا انہیں پسند ہے۔ ان کے مطابق اس ریکارڈ کے لیے کی جانے والی منصوبہ بندی اور محنت بھی ان کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوئی۔